اگر آپ بھی رات کو سوتے وقت اپنا موبائل فون تکیے کے قریب یا بستر پر رکھتے ہیں تو ماہرینِ صحت نے اس عادت پر فوری نظرثانی کی ہدایت کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق رات کے وقت موبائل کا مسلسل استعمال، اس کی نیلی روشنی (Blue Light) اور نوٹیفکیشنز نیند کے معیاری نظام کو شدید متاثر کرتے ہیں، جس کے باعث اکثر افراد 8 گھنٹے کی نیند کے باوجود صبح تھکاوٹ محسوس کرتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ موبائل اسکرین سے نکلنے والی نیلی روشنی جسم میں نیند کے قدرتی ہارمون ‘میلاٹونن’ (Melatonin) کی پیداوار میں رکاوٹ بنتی ہے، جس سے سونے میں تاخیر اور نیند کا توازن بگڑ جاتا ہے۔ اس کے علاوہ، تکیے کے پاس فون رکھنے سے بار بار نوٹیفکیشنز چیک کرنے کی عادت برقرار رہتی ہے جو ذہنی سکون کو برباد کرنے کا باعث بنتی ہے۔
طبی ماہرین نے بہتر اور پرسکون نیند کے لیے درج ذیل احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے:
-
سوتے وقت موبائل فون تکیے کے بجائے بستر سے کچھ فاصلے پر رکھیں۔
-
سونے سے کم از کم 30 منٹ قبل موبائل فون کا استعمال مکمل طور پر بند کر دیں۔
-
رات کے وقت فون کے غیر ضروری نوٹیفکیشنز اور آوازیں بند رکھیں۔
-
اگر موبائل کو الارم کے طور پر استعمال کرنا ہو تو اسے بیڈ سے دور کسی مناسب جگہ پر رکھیں۔







