کراچی میں پولیو مہم کے دوران غیر متعلقہ ملازمین تعینات

کراچی: ضلع وسطی میں انسدادِ پولیو مہم کے دوران ایک بار پھر غیر متعلقہ ملازمین کو یونین کونسل منیجمنٹ آفیسرز (یو سی ایم اوز) تعینات کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے ضلع وسطی میں مالی، ڈرائیور، چوکیدار اور نائب قاصد سمیت دیگر غیر متعلقہ ملازمین کو پولیو مہم کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق غیر متعلقہ ملازمین کی تعیناتی کا معاملہ گزشتہ پولیو مہم کے دوران بھی سامنے آیا تھا، تاہم اس حوالے سے کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی جاسکی۔

ستمبر 2024 میں جاری کی گئی پالیسی کے تحت نائب قاصد، کلرک، ڈرائیور، چوکیدار، مالی اور وارڈ سرونٹ سمیت دیگر غیر متعلقہ ملازمین کو یو سی ایم او تعینات کرنے پر پابندی عائد ہے۔

اس پابندی کے باوجود ضلع وسطی میں نئی انسدادِ پولیو مہم کے دوران ایک مرتبہ پھر انہی شعبوں سے تعلق رکھنے والے ملازمین کو یونین کونسل منیجمنٹ آفیسرز مقرر کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) ضلع وسطی ڈاکٹر عدنان خان نے ان تعیناتیوں کا دفاع کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ تعینات کیے گئے ملازمین تعلیم یافتہ ہیں اور 2013 سے پولیو پروگرام کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ وہ پولیو مہم کے معاملات اور طریقہ کار کو بہتر طور پر سمجھتے ہیں۔

ڈاکٹر عدنان خان کے مطابق ڈرائیور، چوکیدار اور نائب قاصد سے پولیو مہم کے سلسلے میں کام لینے میں کوئی مضائقہ نہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed