نیپال پریمیئر لیگ میں شعیب اختر کا پرجوش استقبال

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق عالمی شہرت یافتہ تیز رفتار بولر شعیب اختر نیپال پریمیئر لیگ (این پی ایل) کے تیسرے ایڈیشن کا حصہ بننے کیلئے کھٹمنڈو پہنچ گئے ہیں، جہاں مقامی کرکٹ شائقین نے ان کا شاندار اور پرجوش استقبال کیا۔

اپنے کیریئر میں ‘راولپنڈی ایکسپریس’ کے نام سے شنا خت بنانے والے شعیب اختر نے نیپال میں ملنے والی محبت اور گرم جوشی پر مسرت کا اظہار کیا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ کھٹمنڈو کے شائقین کا جذبہ غیر معمولی ہے اور انہیں نیپالی کرکٹ کے ترقیاتی سفر کو قریب سے دیکھنے پر فخر محسوس ہو رہا ہے۔

شعیب اختر اس ایونٹ میں ٹورنامنٹ کے آفیشل براڈکاسٹر ‘ہمالیہ اسپورٹس’ کے خصوصی مہمان کے طور پر شرکت کر رہے ہیں۔ وہ میچز کے آغاز اور اختتام پر تجزیاتی پروگرامز میں حصہ لیں گے اور اپنے طویل بین الاقوامی کیریئر کا تجربہ شائقین سے شیئر کریں گے۔ اس دورے کے دوران ان کی مداحوں سے ملاقاتیں اور دیگر کرکٹ سرگرمیاں بھی طے کی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ این پی ایل 2026 کا باقاعدہ آغاز 26 اکتوبر سے ہو چکا ہے جو 21 نومبر تک جاری رہے گا۔ اس ایونٹ میں 8 ٹیموں کے درمیان کل 32 مقابلے ہوں گے، جن میں معین علی، آندرے رسل اور شکیب الحسن جیسے بین الاقوامی اسٹارز بھی شرکت کر رہے ہیں۔ بین الاقوامی کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے 444 وکٹیں حاصل کرنے والے شعیب اختر کی موجودگی نے لیگ کی مقبولیت کو مزید چار چاند لگا دیے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed