انسداد دہشت گردی کی عدالت پشاور نے 9 مئی کو ریڈیو پاکستان پر حملے کے مقدمے میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی، تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان سلیم سمیت نامزد ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ولی محمد نے کیس کی سماعت کی، جس کے دوران پبلک پراسیکیوٹر نے پولیس کا چالان عدالت میں جمع کرادیا۔سماعت کے دوران ملزمان کی جانب سے علی زمان ایڈووکیٹ، سیٹیٹ کی جانب سے منظور عالم جبکہ ریڈیو پاکستان کی جانب سے کیس پیروی شبیر حسین گگیانی ایڈووکیٹ نے کی۔ سماعت کے دوران 9 مئی کے مقدمے میں نامزد ملزمان کے وکیل علی زمان ایڈووکیٹ بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ انہیں مزید وقت درکار ہے، لہٰذا سماعت ملتوی کردی جائے۔اس موقع پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ مقدمے کا چالان جمع ہوچکا ہے اور ملزمان کو نامزد کیا جاچکا ہے، جس کے بعد ملزمان کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں گے۔بعدازاں عدالت نے سہیل آفریدی، تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان سلیم سمیت نامزد ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے اور سماعت کچھ دیر کے لیے ملتوی کردی۔







