شاہراہوں کے جدید نیٹ ورک سے ترقی کا سفر یقینی بنائینگے ‘عبدالعلیم خان

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ملک میں شاہراہوں کے جدید اور فعال نیٹ ورک سے تجارتی سرگرمیوں کو فروغ مل رہا ہے، جبکہ این ایچ اے (NHA) کا سالانہ ریونیو 66 ارب سے بڑھا کر 160 ارب روپے تک پہنچا دیا گیا ہے۔ لاہور چیمبر آف کامرس میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ڈھائی برسوں میں بنیادی اقدامات اور اصلاحات کے ذریعے این ایچ اے کو مالی استحکام دیا گیا ہے اور اب ادارہ سرکاری فنڈز پر انحصار کیے بغیر خود اپنے وسائل سے نئے منصوبے مکمل کر رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ادارے بچت پالیسی پر عمل پیرا ہیں اور این ایچ اے کے سالانہ اخراجات کو 50 ارب روپے پر محدود کر دیا گیا ہے، جبکہ مجموعی ریونیو کا 70 فیصد بلوچستان میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر خرچ کیا جا رہا ہے۔ وفاقی وزیر نے اہم منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ سمبڑیال-کھاریاں موٹروے پر کام تیز رفتاری سے جاری ہے جس سے لاہور اور اسلام آباد کے درمیان فاصلہ 100 کلومیٹر کم ہو جائے گا۔ اس کے علاوہ سکھر حیدرآباد-کراچی موٹروے پر اگلے ماہ کام کا آغاز ہو رہا ہے جس کو کراچی پورٹ سے منسلک کیا جائے گا۔عبدالعلیم خان نے مزید بتایا کہ اسلام آباد-مری ایکسپریس وے کی تزئین و آرائش مکمل کر لی گئی ہے اور اس کو مظفر آباد آزاد کشمیر تک وسعت دی جائے گی۔ ساتھ ہی مانسہرہ، ناران، جھال کھنڈ اور چلاس شاہراہ کو موٹروے کا درجہ دے کر چین کے ساتھ تجارتی شاہراہ کے طور پر منسلک کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ انہوں نے تاجر برادری کو یقین دہانی کرائی کہ مواصلات سے متعلق ان کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed