جنید اکبر پی ٹی آئی کے صوبائی صدر برقرار رہیں گے ‘ بیرسٹر گوہر

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے خیبر پختونخوا کی صوبائی تنظیم سے متعلق وضاحتی اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنید اکبر خان اپنی غیر موجودگی کے باوجود صوبائی صدر برقرار رہیں گے، جبکہ ان کی عدم موجودگی میں تنظیمی امور پارٹی آئین کے مطابق چلائے جائیں گے۔اعلامیے کے مطابق سینئر صوبائی نائب صدر نور الحق قادری صوبائی تنظیم کے اجلاسوں کی صدارت کریں گے، جبکہ صوبائی جنرل سیکرٹری علی اصغر خان تنظیمی امور کی نگرانی اور رابطہ کاری کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔بیرسٹر گوہر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ جنید اکبر خان کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر صوبائی صدر مقرر کیا گیا تھا اور وہ اس عہدے پر برقرار رہیں گے۔اعلامیے کے مطابق جنید اکبر خان کی واپسی تک صوبائی کابینہ یا پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے تنظیمی ڈھانچے میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔اعلامیے میں صوبائی جنرل سیکرٹری علی اصغر خان کی ذمہ داریوں کی بھی وضاحت کی گئی ہے۔ ان کے ذمے پارٹی پالیسیوں اور فیصلوں پر عمل درآمد، تنظیمی رابطہ کاری، نگرانی اور صوبائی تنظیم کے مختلف شعبوں کے امور کی انجام دہی شامل ہے۔یہ وضاحت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پی ٹی آئی کی صوبائی قیادت سے متعلق مختلف بیانات اور دعوئوں کے باعث ابہام پیدا ہوا تھا۔تین روز قبل پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے سوشل میڈیا پر بیان دیا تھا کہ جنید اکبر خان کی غیر موجودگی میں علی اصغر خان قائم مقام صوبائی سربراہ کے طور پر ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔تاہم بیرسٹر گوہر کے جاری کردہ اعلامیے میں نور الحق قادری کو صوبائی تنظیم کے اجلاسوں کی صدارت کی ذمہ داری دی گئی ہے، جبکہ علی اصغر خان کے کردار کو تنظیمی امور کی نگرانی اور رابطہ کاری کے حوالے سے واضح کیا گیا ہے۔اعلامیے میں صوبائی تنظیم یا کابینہ میں کسی نئی تبدیلی کا اعلان نہیں کیا گیا، بلکہ موجودہ انتظامات کو جنید اکبر خان کی واپسی تک برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed