ڈپٹی کمشنر پشاور آفاق وزیر کی خصوصی ہدایت پر صوبائی دارالحکومت میں تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف گرینڈ آپریشن کامیابی سے جاری ہے۔ رنگ روڈ اور اس سے ملحقہ جمیل چوک، پیر زکوڑی فلائی اوور اور پشتخرہ چوک کے علاقوں میں اب تک 450 سے زائد دکانوں، مارکیٹوں اور دیگر قائم تجاوزات کو بھاری مشینری کے ذریعے مسمار کر کے قیمتی سرکاری اراضی کو واگزار کرایا جا چکا ہے۔ضلعی انتظامیہ اور پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (PDA) کے اہلکار مربوط حکمت عملی کے تحت مشترکہ طور پر کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ آپریشن کا بنیادی مقصد عوامی گزرگاہوں کو کشادہ کرنا، روڈ نیٹ ورک پر ٹریفک کا دباؤ کم کرنا اور شہریوں کی آمدورفت میں آسانیاں پیدا کرنا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے قانون کی عملداری اور سرکاری املاک کی حفاظت کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ڈپٹی کمشنر پشاور آفاق وزیر کا کہنا ہے کہ یہ آپریشن مکمل طور پر عوامی مفاد اور شہری سہولیات کی بہتری کے لیے شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ واگزار کرائی گئی زمین پر دوبارہ قبضے روکنے کے لیے مستقل نگرانی کی جائے اور اعلان کیا کہ رنگ روڈ سمیت پورے شہر میں بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔







