پشاور: پشاور اور پاکستان ہاکی حلقوں کے لئے ایک خوش آئند خبر یہ ہے کہ پشاور کے سول کوارٹرز سے تعلق رکھنے والے وقاص احمد کو سلطان اذلان شاہ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے لئے بطور جج نامزد کیا گیا ہے۔ ان کی یہ نامزدگی پشاور ہاکی حلقوں کے لیئے باعثِ فخر قرار دی جا رہی ہے اوراسے بین الاقوامی سطح پر پاکستانی آفیشلز کی صلاحیتوں کا اعتراف قرار دیا جا رہا ہے۔ ہاکی ذرائع کے مطابق وقاص احمد کی نامزدگی اس بات کی عکاس ہے کہ پشاور میں باصلاحیت ہاکی آفیشلز موجود ہیں،جنہیں بین الاقوامی مقابلوں میں نمائندگی کے مواقع فراہم کرنا قومی ہاکی کے فروغ کے لئے نہایت اہم ہے۔پشاور کے ہاکی حلقوں خاص طور طفیل خان اور افسر علی نے وقاص احمد کو اس اہم کامیابی پر دلی مبارک باد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ سلطان اذلان شاہ کپ میں اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھاتے ہوئے پاکستان کا نام روشن کریں گے۔







