پشاور کی خصوصی انسدادِ دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) نے ضلع خیبر کے علاقے باڑہ میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے خلاف احتجاج کے دوران سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے کے الزام میں گرفتار 22 ملزمان کی ضمانتیں منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔استغاثہ کے مطابق ملزم جاوید اور دیگر پر الزام تھا کہ انہوں نے باڑہ بازار میں گورنر راج کے خلاف ہونے والے مظاہرے کے دوران اشتعال انگیزی کی، جس کے نتیجے میں نادرا آفس سمیت مختلف سرکاری اور نجی املاک میں توڑ پھوڑ کی گئی اور آگ لگائی گئی۔ واقعے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متعدد افراد کو حراست میں لیا تھا، جنہوں نے اپنی گرفتاری کے خلاف اے ٹی سی میں بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواستیں دائر کر رکھی تھیں۔عدالت نے کیس کی سماعت مکمل ہونے اور طرفین کے وکلا کے تفصیلی دلائل سننے کے بعد تمام 22 ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں منظور کر لیں اور انہیں عدالت سے باضابطہ طور پر رہا کرنے کا حکم نامہ جاری کر دیا۔







