آن لائن رقم بھیجنے سے مکمل گریز کریں، محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ اگر کوئی بھی فرد آن لائن رقم کا مطالبہ کرے تو اسے ہرگز پیسے منتقل نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ جعلی بیماری یا مختلف مصائب کا بہانہ بنا کر رقم مانگنے والوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے اور ان کا گھیرا تنگ کیا جائے گا۔ اس حوالے سے انہوں نے عوام میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پھیلانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

وزیر داخلہ نے خواتین اور بچیوں سے خاص طور پر اپیل کی کہ وہ اپنی تصاویر اور ویڈیوز کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ سائبر کرائم کے پاس سب سے زیادہ کیسز لڑکیوں کو ہراساں کرنے کے آ رہے ہیں، جہاں ملزمان ان کے مواد کو جعلی طریقے سے بنا کر بلیک میلنگ کا نشانہ بناتے ہیں۔ انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ اس قسم کی بلیک میلنگ کی وجہ سے بعض بچیاں خودکشی جیسے اقدام اٹھانے پر مجبور ہو چکی ہیں۔

سائبر جرائم کے خلاف کارروائیوں کا ذکر کرتے ہوئے محسن نقوی نے بتایا کہ گزشتہ دس سے بارہ دنوں کے دوران صرف لاہور کے کال سینٹرز سے 600 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، جبکہ اسلام آباد اور دیگر شہروں میں الگ سے کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اگلے دو سے تین سالوں میں سائبر جرائم کا مقابلہ کرنے کے لیے تیاری نہ کی گئی تو یہ ایک بڑا مسئلہ بن جائے گا، کیونکہ اب تمام تر پولیسنگ کا رخ اسی سمت جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سائبر کرائم ایجنسی کو فعال کیا جا رہا ہے تاکہ سائلین کے مسائل فوری حل ہو سکیں، جبکہ اس وقت پنجاب بھر میں این سی سی آئی اے کے پاس صرف 61 افراد کی نفری موجود ہے جس کو بڑھایا جائے گا۔ خیبر پختونخوا سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ کچھ عناصر نے حکومت کے خلاف احتجاج اور بلوہ کرانے کی کوشش کی، جس پر ملوث افراد کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed