پاکستان اور مالدیپ کے مابین دوطرفہ اقتصادی و تجارتی تعلقات کے ایک نئے باب کا آغاز ہو گیا ہے، جس کے تحت دونوں ممالک نے باہمی تجارت کا حجم ایک کروڑ 30 لاکھ ڈالر سے بڑھا کر 20 کروڑ ڈالر تک لے جانے کا اعلان کیا ہے۔
اسی سلسلے میں منعقدہ پاکستان مالدیپ بزنس فورم کی تقریب کے دوران دوطرفہ تعاون کے متعدد معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔ تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف اور مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے دونوں ممالک کے درمیان میری ٹائم شپنگ کی اہمیت پر زور دیا اور کراچی سے مالدیپ کے لیے براہ راست پروازیں شروع کرنے کی ہدایت جاری کی۔
دوسری جانب، مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بھی ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔ اپنے خطاب میں مالدیپ کے صدر نے پاکستانی کمپنیوں کو اپنے ملک میں نئی ٹیکنالوجی متعارف کروانے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم، سیاحت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع اقتصادی مواقع موجود ہیں۔







