پشاور ہائیکورٹ میں پاکستان میں مقیم افغان شہری عبدالبصیر کے بیٹے کی مبینہ گمشدگی اور بازیابی کے لیے دائر کردہ درخواست پر سماعت ہوئی۔ کیس کی سماعت چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے کی۔سماعت کے دوران درخواست گزار عبدالبصیر نے عدالت کو بتایا کہ ان کے بیٹے کو پشاور کے علاقے جمیل چوک سے نامعلوم افراد نے زبردستی اٹھایا جس کے بعد سے وہ لاپتہ ہے۔ اس پر چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے استفسار کیا کہ ان کا بیٹا کیا کام کرتا تھا، جس پر عبدالبصیر نے بتایا کہ ان کا بیٹا صرف مدرسے کا طالب علم تھا اور کسی دوسرے کام یا سرگرمی میں ملوث نہیں تھا۔ چیف جسٹس کے بچوں سے متعلق سوال پر درخواست گزار نے بتایا کہ ان کی دو شادیاں ہیں اور ان کے 15 بچے ہیں۔عدالت نے دلائل اور درخواست کا ابتدائی جائزہ لینے کے بعد تمام متعلقہ فریقین کو آئندہ سماعت پر تفصیل رپورٹ پیش کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ملتوی کر دی۔







