پاک چین دوستی پاکستان کی معاشی ترقی اور خوشحالی کی مضبوط بنیاد ہے، مبارک زیب

وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے قبائلی امور مبارک زیب نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ مفادات پر استوار ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مثالی تعلقات پاکستان کی معاشی ترقی، صنعتی خوشحالی اور علاقائی استحکام کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتے ہیں۔ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف چین کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، دوطرفہ تجارت میں اضافے، چینی سرمایہ کاری کے فروغ اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے منصوبوں کو آگے بڑھانے میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پشاور میں قائم پاک چین ثقافتی مرکز چائنہ ونڈو کے دورے کے موقع پرکیا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے چائنہ ونڈو کی مختلف گیلریوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور چین کی تاریخ، تہذیب و ثقافت، اقتصادی ترقی، جدید ٹیکنالوجی، صنعتی کامیابیوں اور پاک چین دوستی کے مختلف پہلوؤں پر مشتمل تصویری اور معلوماتی نمائشوں میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ انہوں نے چینی قوم کی محنت، نظم و ضبط، مستقل مزاجی اور ترقی کے سفر کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین نے چند دہائیوں میں جس غیر معمولی انداز میں ترقی کی ہے، وہ پاکستان سمیت دنیا کے ترقی پذیر ممالک کے لیے ایک قابلِ تقلید مثال ہے۔مبارک زیب نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف پاک چین دوستی کو پاکستان کی خارجہ اور معاشی پالیسی کا ایک اہم ستون سمجھتے ہیں۔ ان کے بقول وزیراعظم چین کے ساتھ اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے، صنعتی شعبے میں مشترکہ منصوبوں، خصوصی اقتصادی زونز کے قیام اور چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرنے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہے ہیں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ خیبر پختونخوا، بالخصوص ضم شدہ قبائلی اضلاع، سی پیک اور پاک چین اقتصادی تعاون سے بھرپور استفادہ کر سکتے ہیں۔ ان علاقوں میں معدنی وسائل، زراعت، سیاحت اور تجارت کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ان وسائل کو جدید ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری اور مؤثر منصوبہ بندی کے ذریعے عوام کی خوشحالی کے لیے استعمال کیا جائے۔مبارک زیب نے چائنہ ونڈو کی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پشاور میں چین کی تاریخ، ثقافت اور ترقی کو اس انداز میں متعارف کرانا ایک اہم اقدام ہے۔ ایسے ثقافتی مراکز دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے، باہمی اعتماد بڑھانے اور نوجوان نسل کو پاک چین دوستی کی اہمیت سے آگاہ کرنے میں مؤثر کردار ادا کرتے ہیں۔وزیراعظم کے معاون خصوصی مبارک زیب نے دورے کے اختتام پر چائنہ ونڈو کی انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ یہ مرکز مستقبل میں بھی پاکستان اور چین کے درمیان ثقافتی، تعلیمی اور عوامی روابط کو مزید مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed