ضلع کرک میں پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس کے نتیجے میں سی ٹی ڈی حکام اور پولیس اہلکار شہید ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مقابلے کے دوران ڈی ایس پی سی ٹی ڈی عمران الدین اور ایس ایچ او افضل اعوان جان کی بازی ہار گئے، جبکہ دو دیگر پولیس اہلکار امجد اور کاظم کی شہادت کی بھی تصدیق کی گئی ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کے اس شدید تبادلے کے دوران فورسز کی جوابی کارروائی میں دو دہشت گردوں کے مارے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔ واقعہ کے فوراً بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ کی جانب روانہ کر دی گئی ہے تاکہ علاقے کو گھیراؤ میں لے کر سرچ آپریشن شروع کیا جا سکے۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں دہشت گردوں اور پولیس اہلکاروں کے درمیان شدید فائرنگ کا سلسلہ تاحال جاری ہے، جبکہ پوری ڈویژن میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر کے مزید نفری طلب کر لی گئی ہے۔







