خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اندرونی تحرک میں تیزی آ گئی ہے اور پارٹی کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل فردوس شمیم نقوی کا استعفیٰ سامنے آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق فردوس شمیم نقوی نے اپنا استعفیٰ پارٹی قیادت کو ارسال کر دیا ہے، جس کے بعد پی ٹی آئی میں تنظیمی سطح پر نئی بحث چھڑ گئی ہے۔واضح رہے کہ حال ہی میں تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے فردوس شمیم نقوی کو مشعال یوسفزئی کو نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کی تھی۔ تاہم، استعفیٰ سامنے آنے کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اسے منظور کرنے سے صاف انکار کر دیا ہے۔ بیرسٹر گوہر نے فردوس شمیم نقوی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ بانی چیئرمین عمران خان کے پرانے اور بااعتماد ساتھی ہیں، اس لیے وہ اپنی ذمہ داریاں بدستور نبھاتے رہیں۔پی ٹی آئی ذرائع کی جانب سے اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ قیادت کی جانب سے استعفیٰ مسترد کیے جانے کے بعد فردوس شمیم نقوی تاحال بطور ایڈیشنل سیکرٹری جنرل اپنے عہدے پر قائم ہیں اور اپنی مساعی جاری رکھیں گے۔







