فرانس کے شمال مشرقی علاقے میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے جہاں فرانسیسی فضائیہ کا میراج 2000 ڈی جنگی طیارہ تربیتی پرواز کے دوران نینسی کے مضافات میں ایئر بیس کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔ فضائیہ کے مطابق یہ واقعہ منگل کی رات گرینچ معیاری وقت کے مطابق رات نو بجے پیش آیا۔ حادثے کے نتیجے میں عملے کا ایک رکن ہلاک ہو گیا ہے جبکہ دوسرے لاپتا رکن کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
فرانسیسی فضائیہ کے ترجمان کرنل ڈیوڈ پاپالارڈو نے واقعے کے حوالے سے بتایا کہ بظاہر عملے کا ایک رکن حادثے کے وقت پیرا شوٹ کی مدد سے طیارے سے باہر نکلنے میں ناکام رہا۔ انہوں نے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ تباہ ہونے والے طیارے میں ایک زیرِ تربیت نوجوان پائلٹ اور ایک تجربہ کار اسلحہ افسر سوار تھے۔ ڈرون کی مدد سے طیارے کے ملبے کا سراغ لگا لیا گیا ہے اور امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر موجود ہیں۔
واضح رہے کہ دو نشستوں پر مشتمل میراج 2000 ڈی جنگی طیارہ 1993 میں فرانسیسی فضائیہ کا حصہ بنا تھا۔ فرانسیسی فوج نے اس طیارے کو کوسوو، لیبیا، افغانستان، عراق، شام اور افریقا کے ساحلی علاقوں میں مختلف عسکری آپریشنز میں استعمال کیا ہے۔ فرانس نے حال ہی میں اپنے ان طیاروں کی جدید کاری کا پروگرام مکمل کیا ہے تاکہ انہیں 2030 کی دہائی تک آپریشنل رکھا جا سکے۔







