چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان نے صوبے میں پولیو کے خاتمے کے حوالے سے ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کی جس میں سیکرٹری صحت مطیع اللہ خان’کوآرڈینیٹر ایمرجنسی آپریشنز سنٹر سارہ رحمن اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ خیبر پختونخوا کے37 اضلاع میں 63 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر ہے جس کے لئے 32 ہزار سے زائد ٹیمیں خدمات انجام دے رہی ہیں۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ صوبے سے پولیو کے خاتمے کیلئے بہتر رسائی اور اعلی معیار کی مہمات کو یقینی بنایا جائے اور مربوط حکمت عملی سے مقررہ اہداف حاصل کئے جائیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پشاور اور خیبر میں پولیو بوسٹر ڈوز مہم ماہِ اکتوبر کے آخر میں ترتیب دی گئی ہے۔ اسی طرح امسال نومبر میں انسدادِ پولیو کی قومی مہم اور سرویکل کینسر سے بچاو کی مہم بھی چلائی جائے گی۔







