بالی وڈ اداکار ٹائیگر شروف کو معروف اداکار سلمان خان کے ساتھ کام کرنے کی پاداش میں بشنوئی گینگ کی جانب سے ہدف بنائے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق لارنس بشنوئی گینگ کے ایک کارندے نے دعویٰ کیا ہے کہ اداکار کو سلمان خان سے پیشہ ورانہ وابستگی کی وجہ سے نشانہ بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بشنوئی گینگ کی جانب سے ٹائیگر شروف کو اس سے قبل بھی دھمکیاں دی جا چکی تھیں، جس کے بعد ممبئی کے علاقے جوہو میں ان کی گاڑی پر مسلح افراد نے حملہ کر دیا۔ اتوار کی شام پیش آنے والے اس واقعے میں نامعلوم حملہ آوروں نے گاڑی پر تین سے چار گولیاں چلائیں۔
فائرنگ کے نتیجے میں اداکار ٹائیگر شروف معجزانہ طور پر محفوظ رہے، تاہم ان کا ڈرائیور بازو پر گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔ اس کے علاوہ واقعے کے وقت قریب موجود ایک رکشہ ڈرائیور بھی شدید گولی لگنے سے زخمی ہوا ہے۔







