ساؤتھ ائیر کی پشاور سے لاہور کے لیے پہلی پرواز کامیابی کے ساتھ لاہور ائیرپورٹ پہنچ گئی ہے۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اس پہلی پرواز کے ذریعے خصوصی طور پر لاہور پہنچے، جہاں پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے ان کا پُرتپاک استقبال کیا۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا پرواز کے آغاز میں تعاون فراہم کرنے پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس اقدام کو دو صوبوں کا ملاپ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پرواز کا مقصد دونوں صوبوں کے درمیان ماضی کی تلخیوں کو ختم کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس فضائی روٹ سے پشاور اور لاہور کے مابین محبت، عوامی اور کاروباری روابط کو فروغ ملے گا۔
گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ وہ پنجاب کے مثبت تجربات کو خیبرپختونخوا میں بھی متعارف کرائیں گے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ خیبرپختونخوا دنیا کی قدیم ترین تہذیبوں کا امین ہے اور اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مریم اورنگزیب سمیت پنجاب کی قیادت کو پشاور آنے کی دعوت بھی دی۔







