پاک فوج کے ترجمان اور ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ کے بحران کو حل کرنے کے لیے پرامن اور مذاکراتی راستہ اختیار کرنا انتہائی ضروری ہے۔ ایک عرب ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے انتباہ کیا کہ اگر سیاسی و سفارتی کوششیں ناکام ہوتی ہیں اور تنازع میں ملٹری تصادم بڑھتا ہے تو مکہ الائنس کا مشترکہ دفاعی نظام خود بخود متحرک ہو جائے گا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ بہت مختصر عرصے میں نمایاں پیش رفت کر چکا ہے اور یہ تینوں اتحادی ممالک کی مشترکہ سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حرمین شریفین کا تقدس، سعودی عرب کی ملکی خودمختاری اور اس کی حدود کا دفاع پاکستان کے لیے اولین ترجیح ہے جس پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں۔ یہ مؤقف پاکستان کی عسکری و سیاسی قیادت کی جانب سے پہلے ہی واضح کیا جا چکا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مقدس مقامات کو نشانہ بنانے کی کوششوں پر پاکستانی قوم، سیاسی رہنماؤں اور مسلح افواج کے اندر گہرا تشویش و غصہ پایا جاتا ہے۔ تنازعات کی شدت میں اضافہ کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں ہوگا، اس لیے جنگ کو وسعت دینے سے گریز کیا جائے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے یہ بات زور دے کر کہی کہ مکہ دفاعی الائنس کا مقصد کسی ملک کے خلاف جارحیت کرنا نہیں بلکہ خطے میں امن، پائیدار سلامتی اور استحکام کا فروغ ہے۔ پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کا اتحاد امت مسلمہ کو یکجا کرنے اور خطے کی سلامتی کے تحفظ کے لیے کوشاں ہے۔







