بریکنگ بیڈ کے اداکار آر جے مِٹ کا 34 سال کی عمر میں انتقال

مقبول ترین امریکی ٹیلی ویژن کرائم ڈراما سیریز ‘بریکنگ بیڈ’ میں والٹر وائٹ جونیئر کا یادگار کردار نبھانے والے 34 سالہ امریکی اداکار آر جے مِٹ انتقال کر گئے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز اور ان کی نمائندہ ٹیلنٹ مینجمنٹ ایجنسی کے مطابق ان کے انتقال کی تصدیق ٹیکساس کے شہر براؤنز وِل میں ہوئی، تاہم ان کی وفات کی حتمی وجہ سے متعلق سرکاری سطح پر تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں۔ امریکی خبر رساں ویب سائٹ ٹی ایم زیڈ نے کاؤنٹی حکام کے حوالے سے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ ذرائع کے مطابق یہ خودکشی کا واقعہ بھی ہو سکتا ہے، تاہم حتمی تصدیق ہونا باقی ہے۔

آر جے مِٹ کے ناگہانی انتقال پر بریکنگ بیڈ میں ان کے والد کا کردار ادا کرنے والے برائن کرینسٹن، آرون پال، ڈین نورس، مارلی میٹلِن اور لیا تھامسن سمیت ہالی ووڈ کی متعدد نامور شخصیات نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ 2008 سے 2013 کے درمیان نشر ہونے والی سیریز بریکنگ بیڈ کی 56 اقساط میں اپنی شاندار اداکاری کا لوہا منوانے والے آر جے مِٹ نے ‘سوئچڈ ایٹ برتھ’ اور 2021 کی فلم ‘ٹرائمف’ جیسے کئی دیگر منصوبوں میں بھی اہم کردار ادا کیے تھے۔

تین سال کی عمر میں سیریبرل پالسی کا شکار ہونے والے آر جے مِٹ نہ صرف ایک باصلاحیت فنکار تھے بلکہ وہ معذور افراد کے حقوق، شمولیت اور تفریحی صنعت میں ان کی بہتر نمائندگی کے لیے بھی پیش پیش رہے۔ انہوں نے یونائیٹڈ سیریبرل پالسی اور شرائنرز چلڈرنز کے سفیر اور مِٹ فاؤنڈیشن کے صدر کی حیثیت سے اہم سماجی خدمات انجام دیں۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے 2025 میں کینیڈی سواریز سے منگنی کی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed