عدن: جنوبی یمن میں حوثی گروپ نے عدن انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو دو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا، تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
مقامی سکیورٹی حکام کے مطابق دونوں میزائل حوثی گروپ کی جانب سے داغے گئے اور عدن کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا گیا۔ عدن کے سکیورٹی ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد تاحال کسی ہلاکت یا زخمی ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
حکام کے مطابق حملے کے بعد صورتحال معمول پر آگئی ہے، تاہم علاقے میں سکیورٹی فورسز کو اعلیٰ ترین سطح پر الرٹ کردیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ مزید حملے سے نمٹا جاسکے۔
مقامی یمنی میڈیا نے حملے کے وقت کی ویڈیوز بھی نشر کی ہیں، جن میں علاقے میں دھماکے ہوتے دکھائی دیتے ہیں۔ تاہم فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ میزائل حملے کے نتیجے میں ایئرپورٹ کی عمارت یا دیگر تنصیبات کو کوئی نقصان پہنچا یا نہیں۔
عدن ایئرپورٹ پر حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب یمن میں لڑائی ایک مرتبہ پھر شدت اختیار کررہی ہے اور یمنی حکومتی فورسز ’’آپریشن ڈان آف یمن‘‘ کے تحت حوثیوں کے خلاف کارروائیاں آگے بڑھا رہی ہیں۔
حالیہ کشیدگی کے باعث جنوبی یمن کے اہم علاقوں میں سکیورٹی صورتحال مزید حساس ہوگئی ہے۔ عدن شہر سمیت اہم شہری اور ہوابازی کے مراکز کو ممکنہ مزید حملوں کے پیش نظر ہائی الرٹ رکھا گیا ہے۔







