کباڑ جمع کرنے والا 71 سالہ شخص اچانک کروڑ پتی بن گیا

چین میں گزشتہ 21 سال سے کباڑ جمع کرکے گزر بسر کرنے والے 71 سالہ شخص کی قسمت اچانک بدل گئی، جب اسے معلوم ہوا کہ اس کے پنشن اکاؤنٹ میں 4 لاکھ 24 ہزار 204 یوآن موجود ہیں۔

چینی میڈیا کے مطابق ستمبر 2026 کے آخر میں ریو نامی شخص کو ایک بینک کارڈ موصول ہوا جو اس کے پنشن اکاؤنٹ سے منسلک تھا۔ کارڈ کے ذریعے اسے اپنے اکاؤنٹ میں موجود رقم کا علم ہوا۔

ریو کو برسوں تک معلوم نہیں تھا کہ حکومت کی جانب سے اسے پنشن فراہم کی جا رہی ہے۔ اس کے اکاؤنٹ میں موجود رقم 4 لاکھ 20 ہزار یوآن سے زائد ہے، جو پاکستانی کرنسی میں ایک کروڑ 73 لاکھ روپے سے زیادہ بنتی ہے۔

ریو نے اس پیش رفت پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ ایسا ہوگا اور وہ حکام کی جانب سے فراہم کی جانے والی معاونت پر شکر گزار ہے۔

ریو گزشتہ 21 سال سے صوبہ ہونان کے علاقے چنگڈو میں کباڑ جمع کرکے زندگی گزار رہا تھا۔ 2000 کی دہائی میں اسے حکومت کے زیر انتظام ایک دکان سے معاوضہ دے کر ملازمت سے فارغ کیا گیا تھا، جہاں اس نے 30 سال تک کام کیا تھا۔

ملازمت ختم ہونے کے بعد ملنے والا معاوضہ تیزی سے خرچ ہوگیا اور ریو قرضوں میں ڈوب گیا۔ اس دوران رشتے داروں کے ساتھ بھی اس کے اختلافات پیدا ہوئے، جس کے بعد اس نے کباڑ اکٹھا کرنا شروع کردیا اور بعد ازاں چنگڈو منتقل ہوگیا۔

2024 کے موسم سرما میں مقامی انتظامیہ کے اہلکاروں کو معلوم ہوا کہ ریو ایک تباہ شدہ عمارت میں رہائش پذیر ہے۔ ابتدا میں اس نے حکومتی پناہ گاہ منتقل ہونے کی پیشکش قبول نہیں کی، تاہم حکام کی جانب سے روزمرہ استعمال کی اشیا فراہم کیے جانے کے بعد وہ بتدریج پناہ گاہ منتقل ہونے پر آمادہ ہوگیا اور اپنی ذاتی معلومات بھی حکام کے ساتھ شیئر کیں۔

حکام کے مطابق چین کی ریٹائرمنٹ پالیسی کے تحت ریو 2015 میں پنشن کی عمر کو پہنچ گیا تھا۔ اس کی ماہانہ پنشن 3700 یوآن مقرر ہوئی، جو گزشتہ 10 برس سے زائد عرصے میں جمع ہوکر 4 لاکھ 20 ہزار یوآن سے تجاوز کرگئی۔

غربت کے باعث ریو کے پاس موبائل فون بھی نہیں تھا، اسی وجہ سے اسے اپنی پنشن کے بارے میں علم نہیں ہوسکا۔ حکام کی جانب سے بینک کارڈ فراہم کیے جانے کے بعد اسے اکاؤنٹ میں جمع رقم کا پتا چلا۔

اب ریو نے چنگڈو میں ایک فلیٹ کرائے پر لینے کا منصوبہ بنایا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed