ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ انجلینا جولی نے غزہ میں ہونے والی تباہی کی سیٹلائٹ تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے فلسطینیوں کے لیے آواز اٹھائی ہے۔
انجلینا جولی نے انسٹاگرام پر گوگل ارتھ کی جنگ سے قبل اور بعد کی تصاویر جاری کیں، جن میں رفح، خان یونس اور غزہ سٹی کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی دکھائی گئی ہے۔
اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ اب گوگل ارتھ کے ذریعے غزہ میں ہونے والی تباہی کو دیکھا جاسکتا ہے۔ ان کے مطابق پورے پورے محلے ملبے میں تبدیل ہوچکے ہیں، جبکہ گھروں، اسکولوں، جامعات، اسپتالوں اور بنیادی انفرااسٹرکچر کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
انجلینا جولی نے اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ جون تک غزہ کی 82 فیصد عمارتیں متاثر ہوچکی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ سیٹلائٹ تصاویر تباہی کی شدت تو ظاہر کرسکتی ہیں، تاہم ان سے متاثرہ خاندانوں اور زندہ بچ جانے والے افراد کی تکلیف اور مشکلات کا مکمل اندازہ نہیں لگایا جاسکتا۔







