امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ کسی نہ کسی طریقے سے بہت جلد جیت لی جائے گی۔
اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے معاملے پر جلد فیصلہ کرنا ہوگا کہ حملہ کیا جائے یا معاہدہ کیا جائے۔
امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ایران کے خلاف جنگ میں 18 امریکی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ ایران کی معیشت تباہ ہو چکی ہے اور ملک میں مہنگائی 300 فیصد سے زیادہ ہے۔
ٹرمپ کے مطابق ایرانی بحریہ، فضائیہ اور طیارہ شکن نظام بھی ختم ہو چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا کو آبنائے ہرمز پر تقریباً مکمل کنٹرول حاصل ہے اور گزشتہ تین روز کے دوران اس راستے سے ریکارڈ مقدار میں تیل گزرا ہے۔
ایران اور امریکا کے درمیان جاری جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں بھی جاری ہیں۔ حالیہ رپورٹس کے مطابق ایران نے جنگ ختم کرنے سے متعلق امریکی جواب بھی وصول کیا ہے، جبکہ آبنائے ہرمز کی بحالی سمیت مختلف امور پر بات چیت جاری ہے۔







