میکسیکو کی نیشنل گارڈ کا ننھا کمانڈو مقبول ہوگیا

میکسیکو کی نیشنل گارڈ میں 13 ماہ کا چیہواہوا نسل کا ننھا کتا ’’کمانڈو‘‘ اپنی منفرد جسامت، فوجی لباس اور تربیت کے باعث سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔

کمانڈو کا وزن تقریباً 7 کلوگرام جبکہ قد قریباً 21 سینٹی میٹر ہے۔ چھوٹے قد کے باوجود اسے میکسیکو کی نیشنل گارڈ کے کینائن پروگرام میں شامل کیا گیا ہے، جہاں اسے تلاش اور امدادی کارروائیوں کے لیے تربیت دی جا رہی ہے۔

رپورٹس کے مطابق کمانڈو کو تقریباً چھ ماہ قبل نیشنل گارڈ نے گود لیا تھا۔ اس کے بوڑھے مالکان اس کی دیکھ بھال کے قابل نہیں رہے تھے، جس کے بعد اسے فورس کے تربیتی پروگرام کا حصہ بنا دیا گیا۔

سکیورٹی فورسز میں عموماً بڑے جسامت والے کتوں کو خدمات کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ میکسیکو کی نیشنل گارڈ میں تقریباً 350 تربیت یافتہ کتے موجود ہیں، جن میں جرمن شیفرڈ اور لیبراڈور سمیت مختلف نسلوں کے کتے شامل ہیں۔ ایسے میں کمانڈو اپنی چھوٹی جسامت کے باعث دیگر فوجی کتوں سے نمایاں نظر آتا ہے۔

کمانڈو کے لیے خصوصی جنگی سامان بھی تیار کیا گیا ہے، جس میں حفاظتی جیکٹ، چشمہ، ہیلمٹ اور چھوٹا کیمرا شامل ہے۔ تربیت کے دوران اسے سیڑھیاں چڑھنے اور مختلف رکاوٹیں عبور کرنے کی مشق بھی کرائی جاتی ہے۔

ننھا کتا تربیتی سرگرمیوں کے علاوہ عوامی تقریبات میں بھی نیشنل گارڈ کے اہلکاروں کے ساتھ دکھائی دے چکا ہے۔ 16 ستمبر کو میکسیکو سٹی میں منعقدہ یوم آزادی کی فوجی و شہری پریڈ میں بھی کمانڈو نے شرکت کی، جس کے بعد اس کی تصاویر اور ویڈیوز نے سوشل میڈیا پر مزید مقبولیت حاصل کی۔

اپنی منفرد جسامت کی وجہ سے کمانڈو کے میمز اور اینیمیٹڈ ورژن بھی آن لائن سامنے آچکے ہیں۔

کمانڈو کی مقبولیت کے ساتھ یہ دعویٰ بھی سامنے آیا کہ اس ننھے سپاہی نے میکسیکو کے منشیات فروش گروہوں کو خوفزدہ کردیا ہے، تاہم اس دعوے کی کوئی سرکاری تصدیق موجود نہیں۔ کمانڈو کی جانب سے کسی ڈرگ کارٹل کے خلاف کارروائی کرنے یا کسی گروہ کو بھگانے کا بھی کوئی سرکاری ثبوت سامنے نہیں آیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed