متحدہ عرب امارات کے اٹارنی جنرل ڈاکٹر حماد سیف الشمسی نے فلائی دبئی کی دبئی سے تل ابیب جانے والی پرواز FZ1073 میں پیش آنے والے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔
اماراتی خبر ایجنسی کے مطابق جمعرات کو جاری کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کاک پٹ میں جھگڑے کے بعد پرواز کا رخ سعودی عرب کی جانب موڑ دیا گیا تھا۔
تحقیقات کے دوران واقعے کے حالات اور اس کے پسِ پردہ محرکات کا جائزہ لیا جائے گا۔ حکام یہ بھی جانچیں گے کہ آیا واقعے کا تعلق کسی عسکریت پسند سرگرمی سے تھا یا یہ پہلے سے منصوبہ بندی یا کسی کی ہدایت کے تحت پیش آیا۔
متحدہ عرب امارات کے عدالتی حکام کے مطابق اس معاملے میں اماراتی حکام کو قانونی اختیار حاصل ہے کیونکہ متعلقہ ایئر لائن متحدہ عرب امارات میں رجسٹرڈ ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اماراتی قانون کے تحت طیارے میں ہونے والے جرائم پر ملکی قانون کا اطلاق ہوتا ہے، خواہ جرم متحدہ عرب امارات کی حدود سے باہر ہی کیوں نہ پیش آیا ہو۔







