مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر نابلس میں سیکڑوں اسرائیلی آبادکاروں نے اسرائیلی فوج کی موجودگی میں حضرت یوسف علیہ السلام کے مزار پر دھاوا بول دیا۔
فلسطینی خبر رساں ادارے وفا کے مطابق اسرائیلی فوجی گاڑیاں نابلس کے مشرقی علاقے میں داخل ہوئیں، جہاں فوج نے حضرت یوسف علیہ السلام کے مزار کے اطراف رہائش پذیر شہریوں کو علاقہ خالی کرنے پر مجبور کیا۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے رہائشی عمارتوں کی چھتوں پر اسنائپرز تعینات کیے اور علاقے کو فوجی اڈے میں تبدیل کر دیا۔ رپورٹ کے مطابق صحافیوں پر آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی گئی جبکہ علاقے کی سڑکیں بند کر دی گئیں۔
اس دوران اسرائیلی آبادکاروں نے حضرت یوسف علیہ السلام کے مزار پر تلمودی مذہبی رسومات ادا کیں۔
عرب میڈیا کا دعویٰ ہے کہ حضرت یوسف علیہ السلام سے منسوب یہ مقام ایک متنازع مذہبی مقام ہے، جسے حضرت یوسف علیہ السلام کی تدفین سے منسوب کیا جاتا ہے۔







