امریکی ریاست نیو جرسی میں ریل آپریٹر ایمٹریک کے تعمیراتی کام کے دوران کھدائی سے ایئر ٹریفک کنٹرول سینٹر کی اہم فائبر آپٹک کیبل کٹ گئی، جس کے باعث خطے میں فضائی آپریشن شدید متاثر ہوا۔
حکام کے مطابق کیبل کٹنے سے نیویارک سمیت خطے کے ٹیلی کمیونیکیشن نظام میں خرابی پیدا ہوئی جبکہ فلاڈیلفیا ایئر ٹریفک کنٹرول کی ریڈیو فریکوئنسیز بھی شدید متاثر ہوئیں۔
صورتحال کے بعد نیویارک، فلاڈیلفیا اور ٹیٹربورو ایئرپورٹس پر پروازیں عارضی طور پر روکنے کے احکامات جاری کیے گئے۔ متعلقہ کنٹرول سینٹر خطے کے بڑے ایئرپورٹس پر طیاروں کی لینڈنگ اور ٹیک آف کی رہنمائی کرتا ہے۔
تکنیکی خرابی کے باعث نیویارک، فلاڈیلفیا، واشنگٹن، بوسٹن، سان ڈیاگو، ویسٹ پام بیچ اور ڈیلس کے ایئرپورٹس پر فلائٹ شیڈول متاثر ہوا، جبکہ سیکڑوں پروازوں کا رخ دیگر شہروں کی جانب موڑ دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ 900 پروازیں متاثر ہوئیں اور بعض پروازوں میں تاخیر 170 منٹ تک ریکارڈ کی گئی۔
متاثرہ پروازوں کی تعداد میں نیویارک کی 1321، بوسٹن کی 1399، فلاڈیلفیا کی 1218، واشنگٹن کی 773، ویسٹ پام بیچ کی 230، سان ڈیاگو کی 800 اور ڈیلس کی 2500 پروازیں شامل ہیں۔
یہ تکنیکی بحران ایسے وقت میں سامنے آیا جب اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے بین الاقوامی مندوبین کی پروازیں نیویارک پہنچ رہی تھیں، جس سے مسافروں کو مشکلات اور فضائی نظام پر دباؤ میں مزید اضافہ ہوا۔







