پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے انکشاف کیا ہے کہ ملک میں سیاسی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے وفاقی سطح پر متعلقہ حکام سے رابطے قائم کیے جا رہے ہیں۔
پشاور میں ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی سربراہ نے بتایا کہ گزشتہ شب سے ہی وفاقی سطح پر بات چیت کا سلسلہ جاری ہے اور حالیہ پیش آنے والے ناخوشگوار واقعات سے متعلق اپنا مؤقف واضح طور پر متعلقہ اربابِ اختیار تک پہنچا دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ایسے منفی اقدامات سے مکمل گریز کیا جائے جو حالات کو مزید خراب کریں۔ عمران خان کے اہل خانہ اور پارٹی رہنماؤں کے ساتھ پیش آنے والا رویہ انتہائی افسوسناک ہے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ گرفتاریوں کا تسلسل موجودہ صورتحال کو شدید اور تناؤ کو مزید گہرا کر دے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ معاملات کو بہتری کی طرف لایا جائے اور سیاسی فضائی میں پھیلی کشیدگی کو جلد از جلد کم کیا جائے۔







