جمائما گولڈ اسمتھ نے آئرش نژاد آسٹریلوی فنانسر کیمرون اوریلی کے ساتھ اپنی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کردی ہیں۔
52 سالہ جمائما گولڈ اسمتھ ایوارڈ یافتہ اسکرین رائٹر اور پروڈیوسر ہیں، جبکہ ان کے شوہر کیمرون اوریلی کی عمر 62 سال ہے۔ وہ آنجہانی آئرش کاروباری شخصیت، میڈیا ٹائیکون اور عالمی سطح کے رگبی کھلاڑی سر انتھونی اوریلی کے بیٹے ہیں۔
جمائما اور کیمرون اوریلی کی ملاقات تقریباً ایک سال قبل فلموں اور دستاویزی منصوبوں پر کام کے دوران ہوئی تھی۔ دونوں کے درمیان ابتدا میں دوستی ہوئی، جو بعد ازاں رومانوی تعلق میں تبدیل ہوگئی۔
جمائما نے انسٹاگرام پر شادی کی تصاویر شیئر کیں، جن میں ان کے دونوں بیٹے سلیمان اور قاسم سمیت دوست بھی موجود ہیں۔
انسٹاگرام پوسٹ میں جمائما نے شادی کی تاریخ 12 ستمبر 2026 درج کی اور اس موقع کو خاص اور خوشیوں بھرا بنانے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا۔
یہ جمائما گولڈ اسمتھ کی دوسری شادی ہے۔ انہوں نے 1995 میں سابق وزیراعظم عمران خان سے شادی کی تھی، تاہم دونوں کے درمیان 2004 میں طلاق ہوگئی۔ ان کے دو بیٹے سلیمان اور قاسم خان ہیں۔







