مردان کے ریجنل پولیس آفیسر قاسم علی خان نے تھانہ تخت بھائی کی حدود میں واقع پولیس چوکی شاہ جہان شہید سری بہلول کا دورہ کیا۔ یہ دورہ گزشتہ شب دہشت گردی کے واقعے کے بعد کیا گیا جس میں نامعلوم حملہ آور نے چوکی پر دستی بم سے حملہ کیا تھا۔
پولیس کے مطابق 14 ستمبر 2026 کی رات تقریباً 11:55 بجے ایک دہشت گرد نے چوکی پر دستی بم پھینکا، تاہم سنتری نے بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو ہلاک کر دیا۔ کارروائی کے دوران حملہ آور کے ہاتھ میں موجود دوسرا دستی بم بھی موقع پر پھٹ گیا۔ واقعے میں چوکی کے اندر موجود تین پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔
آر پی او مردان نے جائے وقوعہ کا تفصیلی معائنہ کیا اور متعلقہ افسران سے سکیورٹی انتظامات، سرچ آپریشن اور تفتیشی کارروائیوں کے بارے میں بریفنگ لی۔ انہوں نے پولیس جوانوں کی بروقت اور بہادری پر مبنی جوابی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف پولیس کی کارروائیاں پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رہیں گی۔
مزید برآں، آر پی او نے ہدایت دی کہ علاقے میں سرچ، نگرانی اور انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کو مزید مؤثر بنایا جائے جبکہ پولیس چوکیوں اور حساس مقامات کی سکیورٹی کا ازسرنو جائزہ لے کر ضروری اقدامات یقینی بنائے جائیں۔







