کرم میں بریگیڈ کمانڈر کی ڈی پی او سے ملاقات، سکیورٹی امور پر تبادلہ خیال

پاراچنار میں ضلع کرم کے نو تعینات بریگیڈ کمانڈر برگیڈیئر ہشام بن اصغر نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کرم رفعت اللہ خان سے ڈی پی او آفس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ضلع کی موجودہ امن و امان کی صورتحال، سکیورٹی انتظامات، حساس مقامات کے تحفظ اور عوام کے جان و مال کی حفاظت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈی پی او کرم نے پولیس کی جانب سے امن قائم رکھنے، جرائم کی روک تھام اور عوامی تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات سے بریگیڈ کمانڈر کو آگاہ کیا۔ دونوں افسران نے اس بات پر اتفاق کیا کہ امن کے قیام کے لیے پولیس اور پاک فوج کے درمیان رابطہ کاری، تعاون اور مشترکہ حکمت عملی کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔

بعد ازاں ڈی پی او کرم نے بریگیڈ کمانڈر کو زیرِ تعمیر ڈی پی او آفس کے مختلف حصوں کا معائنہ کرایا اور جاری تعمیراتی کام سمیت مستقبل کے انتظامی امور سے متعلق بریفنگ دی۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں افسران نے ضلع کرم میں پائیدار امن، قانون کی عملداری اور عوام کے تحفظ کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔