انگلینڈ کی سری لنکا کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میں 119 رنز سے شاندار فتح
شکیل الرحمان
ساؤتھمپٹن میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں انگلینڈ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کو 119 رنز سے شکست دے دی اور تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 254 رنز کا بڑا مجموعہ حاصل کیا۔ کپتان ہیری بروک نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 49 گیندوں پر ناقابلِ شکست 114 رنز بنائے، جس میں 10 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔ انہوں نے اپنی سنچری صرف 42 گیندوں پر مکمل کی۔
ہیری بروک کا ساتھ سابق کپتان جوز بٹلر نے بھرپور انداز میں دیا، جنہوں نے 44 گیندوں پر تیز رفتار 80 رنز بنائے۔ دونوں بلے بازوں نے صرف 60 گیندوں پر 128 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔ ول جیکس نے بھی 12 گیندوں پر 21 رنز کا حصہ ڈالا۔
254 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی ٹیم انگلینڈ کے باؤلنگ اٹیک کے سامنے مشکلات کا شکار رہی اور 19 اوورز میں 135 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ دنیتھ ویلالاگے نے 21 گیندوں پر 33 رنز بنا کر سری لنکا کی جانب سے سب سے زیادہ اسکور کیا، جبکہ داسن شناکا نے 14 گیندوں پر 24 رنز بنائے۔
انگلینڈ کی جانب سے سونی بیکر نمایاں باؤلر رہے، انہوں نے 4 اوورز میں صرف 12 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ جیمی اوورٹن اور لیام ڈاسن نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
شاندار سنچری پر ہیری بروک کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ اس فتح کے ساتھ انگلینڈ نے سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں مسلسل 13ویں کامیابی حاصل کرلی۔
سیریز کا دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل جمعرات 17 ستمبر کو کارڈف میں کھیلا جائے گا۔










