مشہور امریکی ریپر میکل مور کو کانسرٹ کے دوران فلسطین کی حمایت میں نعرے لگانے کے بعد برطانوی گلوکار ایڈ شیرن کے امریکی ٹور سے الگ کردیا گیا۔
برطانوی خبررساں ایجنسی کے مطابق میکل مور نے بتایا کہ 4 ستمبر کو نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں ہونے والے کانسرٹ کے دوران انہوں نے فلسطین کی حمایت کی اور ’فلسطین کو آزاد کرو‘ کے نعرے لگائے، جس کے بعد انہیں ایڈ شیرن کے امریکی دورے کے باقی شوز سے ہٹا دیا گیا۔
میکل مور نے انسٹاگرام پر جاری بیان میں کہا کہ گزشتہ ہفتے ان کی اور ایڈ شیرن کے درمیان اس معاملے پر کچھ مشکل بات چیت ہوئی تھی۔
دوسری جانب میسینا ٹورنگ گروپ نے کہا کہ اس معاملے پر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بات چیت کی گئی، جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ میکل مور باقی کانسرٹس میں پرفارم نہیں کریں گے۔
ایڈ شیرن نے اس معاملے پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ میکل مور کو ٹور سے الگ کرنے کا فیصلہ ان کا نہیں تھا۔
میکل مور طویل عرصے سے فلسطین کی حمایت اور غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں اور مغربی کنارے پر اسرائیلی قبضے کے خلاف اظہار خیال کرتے رہے ہیں۔ اس سے قبل اسرائیلی امریکن کونسل کی جانب سے بھی میکل مور کے خلاف مہم شروع کی گئی تھی۔







