اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ مکہ مکرمہ پر حوثیوں کا حملہ عالم اسلام پر حملہ تصور ہوگا۔
ایک بیان میں مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ امت مسلمہ ایسے حملے کا بھرپور جواب دے گی اور سعودی عرب کے تحفظ کو یقینی بنائے گی۔
انہوں نے پاکستان پر زور دیا کہ وہ حرمین شریفین کے تحفظ کے حوالے سے واضح پالیسی کا اعلان کرے۔
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ مضبوط اور مؤثر اسلامی بلاک کے قیام کی ضرورت پہلے سے زیادہ ہے۔ ان کے مطابق سعودی عرب پر حملے نے امریکا اور مغربی دنیا کے دوغلے رویے کو بے نقاب کردیا ہے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سعودی عرب نے کہا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے مکہ مکرمہ کی جانب آنے والے ایک ڈرون کو مقدس شہر کی ممنوعہ فضائی حدود میں داخل ہونے سے پہلے تباہ کردیا۔ سعودی اتحاد نے ڈرون کو حوثیوں کی جانب سے بھیجے جانے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ حوثیوں نے مکہ کو نشانہ بنانے کی تردید کی ہے۔







