پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان 41 سال کی عمر میں دوسری بار ماں بننے جا رہی ہیں اور انہوں نے اس تجربے کو اپنی زندگی کے ایک غیر متوقع اور جذباتی مرحلے کے طور پر بیان کیا ہے۔
ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں شرکت کے موقع پر ایک انٹرویو میں ماہرہ خان نے اپنے حمل اور اس دوران پیش آنے والے تجربات کے بارے میں گفتگو کی۔
اداکارہ نے بتایا کہ انہیں 41 سال کی عمر میں دوبارہ ماں بننے کی توقع نہیں تھی۔ ان کے مطابق اس وقت ان کی زندگی ایک مخصوص سمت میں آگے بڑھ رہی تھی، ان کا بیٹا بڑا ہوچکا تھا اور وہ اپنے کام، معمولات اور خودمختاری کے ساتھ زندگی گزار رہی تھیں۔
ماہرہ خان نے کہا کہ کئی برس بعد دوبارہ اس سفر کا آغاز ان کے لیے ایک بڑی جذباتی تبدیلی ثابت ہوا۔ ان کے مطابق انسان اپنی زندگی کے لیے بہت سے منصوبے بناتا ہے، لیکن پھر اللہ کی اپنی منصوبہ بندی ہوتی ہے اور وہ سب سے بہتر ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ اس تجربے نے انہیں یہ سمجھنے میں مدد دی کہ ہر چیز کو اپنے قابو میں رکھنا یا ہر سوال کا جواب پہلے سے جاننا ضروری نہیں۔ بعض اوقات زندگی کو حیران کرنے اور اللہ کی مرضی کے سامنے خود کو سپرد کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔
اپنے پہلی بار ماں بننے کے تجربے کا ذکر کرتے ہوئے ماہرہ خان نے بتایا کہ جب وہ 24 سال کی تھیں تو ان کے بیٹے اذلان کی پیدائش ہوئی، جبکہ اب 41 سال کی عمر میں وہ جسمانی اور جذباتی طور پر خود کو ایک مختلف مرحلے میں محسوس کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 24 سال کی عمر میں انہوں نے ماں بننے کا تجربہ ایک خاص معصومیت کے ساتھ کیا تھا۔ اس وقت ان کی صحت اچھی تھی اور وہ ممکنہ مشکلات کے بارے میں زیادہ نہیں سوچتی تھیں۔
ماہرہ خان کے مطابق اس مرتبہ یہ تجربہ جسمانی طور پر زیادہ مشکل ثابت ہوا ہے۔ بعض دنوں میں ان کا جسم انہیں وہ کام کرنے کی اجازت نہیں دیتا جو ان کا ذہن کرنا چاہتا ہے، جبکہ وہ ہمیشہ مصروف رہنے، کام کرنے، سفر کرنے اور بیک وقت کئی کام کرنے کی عادی رہی ہیں۔
اداکارہ نے مزید بتایا کہ جذباتی طور پر بھی دوسری بار ماں بننے کا تجربہ مختلف ہے۔ ان کے مطابق عمر بڑھنے کے ساتھ انسان میں شعور زیادہ ہوتا ہے، وہ زیادہ چیزوں کو سمجھتا اور زیادہ فکر مند ہوتا ہے، جبکہ زندگی کی نزاکت اور اہمیت کا احساس بھی بڑھ جاتا ہے۔
ماہرہ خان نے کہا کہ دوسری مرتبہ اس مرحلے سے گزرتے ہوئے انہیں خوشی کے ساتھ ساتھ خوف، تھکن اور خود کو کمزور محسوس کرنے جیسے جذبات کا بھی سامنا ہے۔
واضح رہے کہ ماہرہ خان نے 2007 میں علی عسکری سے شادی کی تھی، جن سے ان کا بیٹا اذلان 15 ستمبر 2009 کو پیدا ہوا۔ دونوں کی 2016 میں طلاق ہوگئی تھی۔
بعد ازاں ماہرہ خان نے سلیم کریم کے ساتھ زندگی کا نیا سفر شروع کیا اور اکتوبر 2023 میں بھوربن میں ان سے شادی کی۔







