ملاکنڈ میں موسلادھار بارش، ریسکیو 1122 کی بروقت کارروائیاں

گزشتہ شب ہونے والی بارش کے دوران ملاکنڈ کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے حادثات اور بارش سے متعلقہ واقعات پر ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے فوری کارروائیاں کرتے ہوئے متاثرہ افراد کو امداد فراہم کی۔ریسکیو 1122 ملاکنڈ کے ترجمان کے مطابق بٹخیلہ بائی پاس کے قریب آکسفورڈ اسکول کے مقام پر میزارہ ندی میں تیز پانی کے باعث ایک ٹرک ڈرائیور بہہ کر لاپتہ ہوگیا۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی واٹر ریسکیو اور غوطہ خور ٹیموں نے سرچ آپریشن شروع کیا، جس کے دوران نوے کلے شولگر کے مقام سے لاپتہ ڈرائیور کی لاش برآمد کرلی گئی۔ ریسکیو حکام کے مطابق متوفی کی شناخت خائستہ میر کے نام سے ہوئی ہے، جس کی عمر تقریبا 32 سال اور تعلق پشاور سے تھا۔ لاش ضروری کارروائی کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کردی گئی۔ سرچ آپریشن میں سماجی کارکن نظام الدین کی ٹیم نے بھی ریسکیو اہلکاروں کے ساتھ حصہ لیا۔دوسرے واقعے میں آلہ ڈھنڈ پٹھان گھی مل کے قریب واقع ایک گھر میں بارش کا پانی داخل ہوگیا۔ ریسکیو 1122 اور ملاکنڈ لیویز اہلکاروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے گھر میں موجود افراد اور قیمتی سامان کو بحفاظت محفوظ مقام پر منتقل کردیا۔بٹخیلہ بازار میں بہادر خان پلازہ بھی بارش کے پانی سے متاثر ہوا، جہاں ریسکیو اہلکاروں نے ڈی واٹر پمپ کی مدد سے عمارت میں جمع پانی نکال کر صورتحال معمول پر لائی۔ادھر درگئی چیک پوسٹ کے قریب بارش کے باعث کارگو سامان سے لدی ڈائنا گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی۔ حادثے میں پشاور سے تعلق رکھنے والا وقار زخمی ہوا، جسے ریسکیو اہلکاروں نے ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مزید علاج کے لیے تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال درگئی منتقل کردیا۔ریسکیو 1122 ملاکنڈ کے ترجمان نے کہا ہے کہ بارش کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے امدادی ٹیمیں متحرک رہیں اور متاثرہ علاقوں میں بروقت کارروائیاں یقینی بنائی گئیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed