پاکستان نے عالمی مارکیٹ میں 3 ارب ڈالرز کے بین الاقوامی یورو بانڈز جاری کر دئیے۔وزارتِ خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق 3 ارب ڈالرز کا بانڈ پاکستان کی تاریخ میں سب سے بڑا سنگل انٹرنیشنل بانڈ ہے، 3 ارب ڈالرز کے بانڈز کے مقابلے میں تقریبا دگنی طلب موصول ہوئی۔وزارتِ خزانہ نے پاکستان کی عالمی بانڈ مارکیٹ میں واپسی اہم معاشی پیش رفت قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ بانڈ کے اجرا سے پاکستان کو 3 ارب ڈالرز کی بیرونی فنانسنگ حاصل ہو گی۔اعلامیے کے مطابق حکومت عالمی مارکیٹ سے حاصل ہونے والی رقم کو بیرونی مالی ضروریات پوری کرنے کے لئے استعمال کرے گی، یہ رقم قرضوں کی ادائیگی کے لئے استعمال کی جائے گی، اس سے قبل رواں سال 50 کروڑ ڈالرز کا یورو بانڈ بھی جاری کر چکے ہیں۔وزارتِ خزانہ کے مطابق ساڑھے 5 سالہ یورو بانڈ پر پاکستان نے 7.50 فیصد کوپن ریٹ مقرر کیا ہے۔وزارتِ خزانہ کے مطابق پاکستان نے 10 سالہ یورو بانڈ سے 1.25 ارب ڈالرز حاصل کر لیے، 10 سالہ یورو بانڈ پر 7.90 فیصد کوپن ریٹ مقرر کیا۔اس حوالے سے کہا گیا ہے کہ عالمی سرمایہ کاروں کی بھرپور شرکت پاکستان پر اعتماد کی بحالی کا اشارہ ہے، پاکستان کی عالمی کیپیٹل مارکیٹس تک رسائی میں اہم پیش رفت ہو گئی۔وزارتِ خزانہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے پہلی بار نئے گلوبل میڈیم ٹرم نوٹ پروگرام کے تحت بانڈ جاری کیا ہے، پاکستان کی حکمتِ عملی قرض کے بجائے خود مختار قرض مینجمنٹ پر مرکوز ہے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے طویل مدتی فنانسنگ سے ری فنانسنگ اور رول اوور رسک کم کرنے پر زور دیا ہے، ریکارڈ یورو بانڈ سے پاکستان کی عالمی مالیاتی منڈیوں میں واپسی مضبوط ہو گئی۔







