خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شفیع جان نے کہا ہے کہ 27 ستمبر کا لانگ مارچ ہر صورت ہوگا، وزیراعلی خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی اور پارٹی قائدین سٹریٹ موومنٹ کا آغاز سندھ کے ضلع گھوٹکی کے علاقے کامو شہید سے کریں گے۔ شفیع جان کے مطابق وزیراعلی سہیل آفریدی اور پارٹی قائدین کامو شہید میں کارکنوں سے خطاب کریں گے، جس کے بعد پارٹی قیادت ضلع کشمور کے شہر کندھ کوٹ پہنچے گی، جہاں کارکنوں کے بڑے اجتماع سے خطاب کیا جائے گا، پارٹی قیادت جیکب آباد میں بھی عوامی رابطہ مہم چلائے گی۔صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا ہے کہ سندھ میں سٹریٹ موومنٹ عوامی جدوجہد کو فیصلہ کن مرحلے میں داخل کرے گی، شفیع جان نے دعوی کیا کہ عمران خان کے ساتھ ہونے والا سیاسی انتقام عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے، ان کے بقول عدالتی احکامات کے باوجود عمران خان کی بہنوں کو ان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔شفیع جان نے کہا کہ ان کے بقول فارم 47 کی حکومت عدالتی احکامات کی مسلسل خلاف ورزی کر رہی ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ عدالتی احکامات کے مطابق عمران خان کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیا جائے اور عمران خان کی فیملی سے ملاقاتوں سمیت ہسپتال منتقلی سے متعلق سپریم کورٹ کے احکامات پر من و عن عمل کیا جائے۔وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا نے کہا کہ 27 ستمبر کا لانگ مارچ ہر صورت ہوگا، اور اسی لانگ مارچ کے اعلان سے حکمران شدید خوفزدہ ہیں، سندھ کے عوام کے ساتھ مل کر عمران خان کی رہائی، آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے جدوجہد کو آگے بڑھایا جائے گا۔







