شعیب جمیل
پشاور سنٹرل جیل میں قید 56 قیدیوں نے اپنی سزائیں مکمل ہونے کے باوجود رہائی نہ ملنے پر شبیر حسین گگیانی ایڈووکیٹ کی وساطت سے پشاور ہائیکورٹ میں توہینِ عدالت کی درخواست دائر کر دی ہے۔ درخواست گزاروں کا موقف ہے کہ انسدادِ منشیات کے مقدمات میں سزائیں پوری کرنے کے باوجود جیل انتظامیہ انہیں رہا نہیں کر رہی، حالانکہ اس سے قبل بھی ہائیکورٹ ان کی رہائی کا حکم دے چکی ہے۔ قیدیوں نے استدعا کی ہے کہ نارکوٹکس ایکٹ کی نئی ترمیمی شقوں کا اطلاق پرانے مقدمات پر نہیں ہوتا، لہٰذا عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے پر متعلقہ حکام کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی کرتے ہوئے فوری رہائی کا حکم دیا جائے۔







