فضل حکیم اور مینا خان آفریدی کے کیسز یکجا کر دئیے گئے

پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر فضل حکیم خان اور ان کے اہل خانہ کے پاسپورٹ کنٹرول اور پرویژنل آئیڈنٹیفیکشن لسٹ میں شامل کرنے کے بعد بیرونی ملک سفر سے روکنے کے خلاف دائر رٹ پٹیشن کی سماعت 7 ستمبر تک ملتوی کرتے ہوئے انہیں صوبائی وزیر مینا خان آفریدی کی رٹ کے ساتھ یکجا کرنے اور ایک ہی عدالت میں سماعت کے لئے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔درخواستوں پر سماعت پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس اعجاز انور اور جسٹس بابر ستار پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی۔ دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل بشیر خان وزیر ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ فضل حکیم خان سابق صوبائی وزیر اور موجودہ رکن صوبائی اسمبلی ہیں جس کا نام مذکورہ لسٹوں میں شامل کرنے کے ساتھ ان کی اہلیہ اور چار بچوں کے نام بھی پی سی ایل اور پی این آئی ایل میں شامل کیے گئے ہیں۔دوران سماعت جسٹس اعجاز انور نے استفسار کیا کہ ان کے نام لسٹ میں کیوں شامل کیے گئے ہیں؟ وکیل نے بتایا کہ ایف آئی اے کی جانب سے جواب جمع کیا ہے جس میں مقف اختیار کیا گیا ہے کہ درخواست گزار 9 مئی کے مقدمات میں ملوث ہیں۔وکیل نے کہا کہ درخواست گزار کے بیوی بچوں کے نام بھی لسٹ میں شامل کیے گئے ہیں۔ جس پر جسٹس اعجاز انور نے استفسار کیا کہ بچوں کے نام کیوں لسٹ میں شامل کیے گئے ہیں؟ وکیل نے جواب دیا کہ والد کی وجہ سے بچوں کے نام بھی لسٹ میں شامل کیے گئے ہیں۔اس موقع پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ پی سی ایل سے متعلق ایک اور کیس بھی زیر سماعت ہے، اس کی تاریخ معلوم کرکے مذکورہ کیس کو بھی ساتھ مقرر کیا جائے۔ جسٹس اعجاز انور نے کہا کہ مینا خان آفریدی سے متعلق توہین عدالت کی درخواست میں ڈی جی ایف آئی اے اور دیگر متعلقہ فریقین کو طلب کیا گیا ہے۔وکیل نے عدالت کو بتایا کہ وہ کیس صوبائی وزیر مینا خان آفریدی سے متعلق ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ اس کیس کو بھی مذکورہ درخواستوں کے ساتھ سنا جائے گا۔بعدازاں عدالت نے فضل حکیم خان اور ان کے اہل خانہ کے نام پی سی ایل اور پی این آئی ایل میں شامل کرنے کے خلاف درخواستوں کو مینا خان آفریدی کے کیس کے ساتھ مقرر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 7 ستمبر تک ملتوی کردی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed