سی ٹی ڈی پشاور ریجن نے میراکچوڑی کے علاقے قبرستان مہر گل کلے میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے 4 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ کارروائی کے دوران متعدد ہتھیار اور گولیاں برآمد کرلی گئیں۔کانٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ خیبرپختونخوا کے مطابق مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ فتنہ الخوارج جمروز گروپ کی قیادت میں سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی منصوبہ بندی کرنے والے دہشت گرد میراکچوڑی میں موجود ہیں۔اطلاع کی بنیاد پر سی ٹی ڈی پشاور ریجن کی ٹیم نے قبرستان مہر گل کلے، میراکچوڑی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں نے اہلکاروں کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی، جو تقریبا 20 سے 25 منٹ تک جاری رہی۔فائرنگ رکنے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا تو 4 دہشت گرد ہلاک پائے گئے، جبکہ دیگر دہشت گرد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران اہلکاروں نے پیشہ ورانہ حکمت عملی اور احتیاطی تدابیر اختیار کیں، جس کے باعث تمام اہلکار محفوظ رہے۔سرچ آپریشن کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 3کلاشنکوفیں، ایک پستول، ایک ہینڈ گرینیڈ، 7میگزین اور متعدد کارتوس برآمد ہوئے، جنہیں مزید تفتیش اور فرانزک تجزیے کے لیے تحویل میں لے لیا گیا۔سی ٹی ڈی کے مطابق ایک ہلاک دہشت گرد کی جیب سے افغان مہاجر کارڈ بھی برآمد ہوا، جس کی بنیاد پر اس کی شناخت سید ولی ولد عبدالغنی، سکنہ ننگرہار، افغانستان کے نام سے ہوئی ہے۔سی ٹی ڈی کے مطابق قبل ازیں انٹیلی جنس ایجنسیز کی جانب سے تھریٹ الرٹ جاری کیا گیا تھا کہ افغانستان سے ضلع خیبر کے راستے دہشت گردی کی غرض سے 3خودکش حملہ آور پاکستان میں داخل ہوئے ہیں۔سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دستیاب شواہد کی روشنی میں سید ولی ولد عبدالغنی مذکورہ 3 خودکش حملہ آوروں میں سے ایک ہو سکتا ہے، تاہم اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔حکام کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کی ٹیررسٹ پروفائلنگ کا عمل جاری ہے، جبکہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں تعاقب اور سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے کامیاب کارروائی پر سی ٹی ڈی پشاور ریجن کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت، ہمت اور بہادری کو سراہا۔سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے، ریاستی رٹ کے استحکام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔







