احتجاج ہر شہری کا حق’ امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دینگے’ محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شبقدر میں قائم فیڈرل کانسٹیبلری ٹریننگ سینٹر کا دورہ کیا، جہاں انہیں اینٹی رائٹ ونگ کی پیشہ ورانہ تربیت، آپریشنل تیاری اور جدید تربیتی نظام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر داخلہ نے اینٹی رائٹ ونگ کے اہلکاروں کی جانب سے پیش کی جانے والی خصوصی تربیتی مشقوں کا معائنہ کیا اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، نظم و ضبط اور آپریشنل تیاری کو سراہا۔
دورے کے دوران اینٹی رائٹ ونگ کے اہلکاروں نے ہجوم کو کنٹرول کرنے، امن و امان کی صورتحال سے نمٹنے، حساس حالات میں کارروائی اور مختلف نوعیت کے چیلنجز سے نمٹنے کے حوالے سے عملی مشقوں کا مظاہرہ کیا۔ اہلکاروں نے جدید تربیتی طریقہ کار کے تحت اپنی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے اس بات کا اظہار کیا کہ فورس کسی بھی ہنگامی صورتحال میں قانون کے مطابق فرائض انجام دینے کے لیے تیار ہے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تربیتی مشقوں کا مشاہدہ کرتے ہوئے کہا کہ اینٹی رائٹ فورس کو جدید خطوط پر تربیت دی گئی ہے اور امن و امان کی کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فورس مکمل طور پر تیار ہے۔ انہوں نے اہلکاروں کی تربیت، پیشہ ورانہ مہارت اور نظم و ضبط کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار میں اضافہ انتہائی ضروری ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ ملک کے امن و امان اور استحکام کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے مثر انداز میں نمٹا جائے وفاقی وزیر داخلہ نے پرامن احتجاج کے حوالے سے واضح کیا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے احتجاج پر کوئی اعتراض نہیں، تاہم احتجاج کی آڑ میں تشدد، توڑ پھوڑ اور سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا اور کسی کو بھی امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی محسن نقوی نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں فیڈرل کانسٹیبلری کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، اس لیے اہلکاروں کو ہر قسم کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار رہنا چاہیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ فورس کے اہلکاروں کی تربیت میں جدید تقاضوں کو مدنظر رکھا جائے اور انہیں پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے لیے جدید سہولیات اور ضروری آلات فراہم کیے جائیں وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اہلکاروں کو بین الاقوامی معیار کا جدید پروٹیکشن گیئر فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ وہ امن و امان سے متعلق مختلف حالات میں اپنی ذمہ داریاں زیادہ مثر اور محفوظ انداز میں ادا کر سکیں۔ انہوں نے تمام جوانوں کو گیس ماسک فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی دورے کے دوران وفاقی وزیر داخلہ نے فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹر کے مختلف حصوں کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے بیرکس کا دورہ کیا اور وہاں موجود اہلکاروں سے ملاقات کرکے ان کے مسائل اور سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ اہلکاروں نے لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل ہونے اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا محسن نقوی نے فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹر میں اہلکاروں کے لیے سہولیات کی بہتری کے حوالے سے بھی اہم ہدایات جاری کیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed