ہری پور میں 5سال کی بچی آیت نور کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آگئی جس میں زیادتی کی تصدیق ہوگئی۔پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق بچی دوران زیادتی ہی دم توڑ گئی تھی، بچی کو مردہ حالت میں کنویں میں پھینکا گیا تھا، خون بہہ جانے اور صدمے میں جانے سے بچی کی موت ہوئی۔پوسٹ مارٹم کے لئے ایم ایس ڈاکٹر منور کی سربراہی میں 8 رکنی بورڈ بنایا گیا تھا۔خیال رہے کہ خیبر پختونخوا کے ضلع ہری پور میں 5 سالہ بچی آیت نور کی لاش لاپتا ہونے کے 15 دن بعد ملی تھی، بچی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کرکے لاش کنویں میں پھینک دی گئی تھی۔پولیس کا کہنا تھا کہ بچی کی لاش یونیورسٹی روڈ پر ویئر ہاوس کے کنویں سے ملی ہے، آیت نور گھر سے باہر کھیلنے کے لیے نکلی اور لاپتا ہوگئی تھی۔آیت نور کیس کے 2 ملزمان جیل میں اور ایک پولیس تحویل میں ہے، ملزمان نے زیادتی کرکے بچی کو قتل کرنے کے بعد لاش کنویں میں پھینک دی تھی۔







