بینک آف خیبرنے لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ ڈپارٹمنٹ (ایکسٹینشن) ، حکومت خیبر پختونخوا کے ساتھ سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) کے تحت منصوبے ’’بے روزگار ویٹرنری گریجویٹس، ڈاکٹر آف ویٹرنری میڈیسن (DVM)کو نقل و حرکت کی سہولت، یعنی موٹر سائیکلوں کی فراہمی کے ذریعے ویٹرنری ہیلتھ سروسز میں توسیع‘‘ کے لیے مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے ہیں۔
اس اقدام کے تحت محکمہ لائیو اسٹاک نے مطلوبہ فنڈز مختص کیے ، جبکہ اسکیم پر عمل درآمد اور بلاسود قرضوں کی فراہمی و تقسیم کی مکمل ذمہ داری بینک آف خیبر کی ہوگی۔ اس منصوبے کا مقصد بے روزگار DVM گریجویٹس اور گریجویٹس کی عدم دستیابی کی صورت میں ڈپلومہ ہولڈرز کو، کاسٹ ریکوری کی بنیاد پر بلاسود قرضے فراہم کرنا ہے، جن کے ذریعے انہیں ادویات رکھنے کے لیے خصوصی اسٹوریج یونٹس سے لیس مخصوص موٹر سائیکلز فراہم کئے جائیں گے۔
یہ موٹر سائیکلز خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع میں تقسیم کئے جائیں گے، جس سے دیہی علاقوں میں ویٹرنری خدمات کی رسائی کو وسعت دینے اور مویشیوں کی صحت کیلئے سہولیات تک عوام کی رسائی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
مفاہمتی یادداشت پر بینک آف خیبر کے گروپ ہیڈ ریٹیل بینکنگ، گل بہار خان اور ڈائریکٹر جنرل لائیو اسٹاک خیبر پختونخوا ،ڈاکٹر عسل خان نے دستخط کیے۔ اس موقع پر خیبر پختونخوا کے وزیر برائے لائیو اسٹاک، خورشید خٹک بھی موجود تھے۔ بینک آف خیبر کے ڈویژنل ہیڈ، جواد تاجک نے منصوبے کے لیے وضع کردہ فنانسنگ میکانزم کے تکنیکی پہلوؤں پر بریفنگ دی۔
یہ اقدام بینک آف خیبر کے ایک نمایاں صوبائی مالیاتی ادارے کی حیثیت سے خیبر پختونخوا کے عوام کی فلاح و بہبود اور معاشی خودمختاری کے فروغ کے عزم کا عکاس ہے۔ اس کے ساتھ یہ منصوبہ خیبر پختونخوا حکومت کے ساتھ بینک آف خیبر کے دیرینہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
ویٹرنری موبیلیٹی اسکیم،بینک آف خیبر اور لائیو اسٹاک کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط







