وادی کالام میں گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ایزور لیگون ریزورٹ پلوگاہ کالام میں دیر رات تک تیز میوزک اور پارٹی کے انعقاد کے حوالے سے پوسٹ سامنے آئی تھی، جس پر علاقہ مکینوں نے ڈی آئی جی ملاکنڈ اور ڈی پی او سوات سے فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کیا تھا۔ ڈی پی او سوات مشتاق احمد نے معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ یا پولیس سے کوئی اجازت نامہ نہ لینے، سانڈ وائلیشن اور غیر رسمی پارٹی کے انعقاد پر ریزورٹ کے مالک کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دیا ہے۔ سوات پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ کالام کو اس حوالے سے اپنے سینئر افسران کو مطلع نہ کرنے اور غیر رسمی پارٹی کی روک تھام کے لیے بروقت کارروائی نہ کرنے پر فوری طور پر معطل کرکے پولیس لائن حاضر کردیا گیا ہے۔ سوات پولیس کے ترجمان کے مطابق ڈی پی او سوات نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے قانون کے مطابق کارروائی کی ہدایت کی ہے۔







