خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں امن، رواداری اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کے لیے 12رکنی صوبائی پیغامِ امن کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔محکمہ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی وزیراعلی خیبرپختونخوا کی منظوری سے قائم کی گئی ہے، جبکہ چیف خطیب مولانا محمد طیب قریشی کو کمیٹی کا کوآرڈی نیٹر مقرر کیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی میں مختلف مکاتبِ فکر کے علما اور اقلیتی برادریوں کے نمائندوں کو شامل کیا گیا ہے۔دیوبندی، بریلوی، اہلِ حدیث اور اہلِ تشیع مکاتبِ فکر کے علاوہ مسیحی، سکھ اور ہندو برادریوں کی نمائندگی بھی کمیٹی کا حصہ ہوگی۔کمیٹی قومی بیانیے کو خیبرپختونخوا کے مقامی اور علاقائی تناظر میں اجاگر کرے گی اور امن، رواداری اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مختلف پروگرامز اور سرگرمیوں کا انعقاد کرے گی۔نوٹیفکیشن کے مطابق علما کنونشنز، نوجوانوں کے مکالمے، بین المسالک روابط اور مقامی ثقافتی و مذہبی تناظر میں امن مہمات کمیٹی کی سرگرمیوں کا حصہ ہوں گی۔کمیٹی صوبے میں ابھرتی ہوئی کشیدگی، نفرت انگیز رجحانات اور امن کو درپیش خطرات کی نشاندہی کرکے قومی پیغامِ امن کمیٹی کو باقاعدگی سے آگاہ کرے گی، جبکہ نوجوانوں اور کمزور طبقات میں امن و آگاہی مہمات پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔محکمہ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ کمیٹی کے میڈیا، ابلاغی اور تشہیری امور میں معاونت فراہم کرے گا







