یمن کے شہر المخا میں کوموکا بندرگاہ پر حوثیوں کی جانب سے بیلسٹک میزائلوں سے حملے میں کم سے کم6 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کے ایک فوجی عہدیدار نے بتایا ہے کہحوثیوں کی جانب سے داغے گئے بیلسٹک میزائلوں نے موکا بندرگاہ کے شہری انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا، حملے کے باعث بندرگاہ کے مختلف حصوں میں نقصان ہوا جبکہ متعدد ماہی گیری کی کشتیاں بھی جل کر تباہ ہوگئیں۔ فوجی عہدیدار کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 2 سکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں۔فوجی عہدیدار کا کہنا ہے کہ ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں نے بندرگاہ پر سامان اتارنے والے تجارتی بحری جہازوں کو نشانہ بناتے ہوئے 5 میزائل فائر کیے۔فوجی عہدیدار کے مطابق میزائل حملے کے نتیجے میں 2 بحری جہازوں میں آگ بھڑک اٹھی۔یمنی حکومت نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری تنصیبات اور بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانا خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا سکتا ہے۔







