گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول کینٹ نمبر 1 پشاور میں جشنِ آزادی پاکستان کے سلسلے میں شاندار اور ملی جوش و جذبے سے بھرپور تیاریاں جاری ہیں۔ سکول کی عمارت کو خوبصورت برقی قمقموں، قومی پرچموں، سبز و سفید جھنڈیوں اور قومی رنگوں سے سجا دیا گیا ہے، جس سے سکول کی عمارت ایک خوبصورت قومی منظر پیش کر رہی ہے۔اس موقع پر پرنسپل گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول کینٹ نمبر 1 پشاور اعجاز علی خان اور چیئرمین پیرنٹس ٹیچر کونسل صدر عزیز خان سمیت پی ٹی سی کے ممبران نے کہا کہ 14 اگست ہمارے لیے ایک تاریخی اور قابلِ فخر دن ہے، کیونکہ اس دن برصغیر کے مسلمانوں نے قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں بے مثال جدوجہد اور قربانیوں کے نتیجے میں پاکستان حاصل کیا۔انہوں نے کہا کہ جشنِ آزادی کی تقریبات کا مقصد نئی نسل کو پاکستان کی تاریخ، آزادی کی اہمیت اور اپنے قومی فرائض سے آگاہ کرنا ہے۔ طلبہ ہمارا مستقبل ہیں اور ان میں وطن سے محبت، اتحاد، نظم و ضبط، محنت اور خدمتِ خلق کا جذبہ پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔پرنسپل اعجاز علی خان نے کہا کہ گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول کینٹ نمبر 1 پشاور میں یومِ آزادی کو بھرپور قومی جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ سکول کو قومی پرچموں اور سبز و سفید رنگوں سے سجانے کا مقصد طلبہ اور اساتذہ میں حب الوطنی کے جذبے کو مزید اجاگر کرنا ہے۔چیئرمین پیرنٹس ٹیچر کونسل صدر عزیز خان اور ممبران نے کہا کہ پاکستان ہماری پہچان اور ہمارا قیمتی اثاثہ ہے۔ ہمیں اپنے وطن کی ترقی، خوشحالی، امن اور استحکام کے لیے انفرادی اور اجتماعی طور پر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ ہم پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے اور قائداعظم کے اصول اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنائیں گے۔آخر میں پرنسپل اعجاز علی خان، چیئرمین پی ٹی سی صدر عزیز خان اور ممبران نے پوری قوم کو یومِ آزادی پاکستان کی پیشگی مبارکباد دیتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی ہمارے پیارے وطن پاکستان کو ہمیشہ امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی عطا فرمائے۔ پاکستان ہمیشہ قائم و دائم رہے۔ آمین۔







